اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ کفر ملت واحد بن چکا ہے ہم امت کی شکل کب اختیار کریں گے۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے جماعت اہل حرم کے زیراہتمام ’’اتحاد امت اور مسئلہ فلسطین‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن فرماتا ہے کہ اہل ایمان ہی غالب ہوں گے بشرطیکہ وہ مومن ہوں، جو بات قرآن کریم نے لکھ دی وہ حرف آخر ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ جو لوگ اللہ کی زمین پر اس کا نظام قائم نہیں کرتے وہ ظالم، فاسق اور کافر ہیں، فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کیلئے مسلم دنیا سے کوئی رہنما فلسطین نہیں پہنچا، امریکی و برطانوی سربراہوں نے اسرائیل پہنچ کر اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمانوں کی مومنانہ غیرت کہاں گم ہو گئی ہے، آج بڑی طاقتیں اسرائیل پہنچ کر اظہار یکجہتی کر رہی ہیں، یورپی یونین نے فلسطینی امداد کو فوری بند کرنے کا حکم جاری کیا، کیا غزہ کے بعد اسرائیلی جارحیت کا نشانہ کوئی اور ریاست ہے؟ نبی اکرمﷺ نے تعلیم دی کہ ظالم کا ہاتھ روکا جائے اور مظلوم کی مدد کی جائے۔
انیق احمد نے مزید کہا کہ غزہ میں 7 ہسپتال بند ہو چکے ہیں، باقیوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، مسلمان ممالک اسرائیل کی کمرشل پروازوں کو ایئر سپیس دینا فوری بند کریں، او آئی سی صرف مذمتی قراردادوں پر اکتفا نہ کرے بلکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرے۔