اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کی جدوجہد ِآزادی کو نہیں دبا سکتا۔
کشمیریوں کے یوم ِسیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری عوام کیلئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے نے اپنی تقدیر خود طے کرنے کی کشمیریوں کی جائز خواہشات کا گلا گھونٹا، کشمیری عوام کے معاملے پر بھارت نے اپنی ذمہ داریوں سے انحراف اور سلامتی کونسل کی قراردادوں سے روگردانی کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ کشمیریوں نے طویل عرصے کے دوران لامتناہی ظلم و ستم برداشت کئے ہیں، بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق ِخودارادیت حاصل کرنے کے عزم کو کچلنے میں ناکام رہا ہے، کشمیریوں کے حق ِخودارادیت کی جدوجہد میں اُن کی مثالی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری عوام بھارتی افواج کی جانب سے زیادتیوں کا سامنا کر رہے ہیں اور بلاشبہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریحاًٰ خلاف ورزی ہیں، آج کشمیری عوام کو مختلف پابندیوں کا سامنا ہے، کشمیریوں کی قیادت نظر بند، ان کی آواز دبائی جا رہی ہے، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو مندمل نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور میڈیا کو نہتے کشمیریوں کی حالت ِزار کو اجاگر کرنا چاہیے، عالمی برادری کو کشمیر میں بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرنا چاہیے، پاکستان نے 1947ء میں بھارتی قبضے کے آغاز سے ہی مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی مستقل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حتمی حل تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔