بلاول بھٹو کا سابق چیئرمین واٹر بورڈ کے انتقال پر ان کی فیملی سے اظہار تعزیت

Published On 03 November,2023 07:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نمائش چورنگی کے قریب پی پی پی ضلع وسطی کے سابق صدر سہیل انصاری کی رہائش گاہ پر آمد ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سابق چیئرمین واٹربورڈ مرحوم سہیل انصاری کے انتقال پر ان کی صاحبزادیوں علویہ بتول، عریشہ بتول اور علینہ بتول سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے پی پی پی کے ٹکٹ ہولڈر سہیل انصاری کے انتقال پر ان کے بھائی فرید انصاری و دیگر اقارب ہمدان خیری، سید محمد حسین، عزیز حیدر علی سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مرحوم کی بیوہ ناصرہ سہیل کے لئے بھی تعزیتی پیغام دیا اور مرحوم کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سید مراد علی شاہ، سعید غنی، وقار مہدی، آصف خان و دیگر نے بھی مرحوم سہیل انصاری کے لواحقین سے تعزیت کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مرحوم سہیل انصاری نے آمرانہ دور کی سختیاں برداشت کیں مگر بھٹو ازم کا پرچم آخری سانس تک تھامے رکھا، پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان کے لئے مرحوم سہیل انصاری کی جدوجہد مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم سہیل انصاری کی جمہوری جدوجہد اور آئین کی بالادستی کے لئے ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔