لاہور: (دنیانیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے9 مئی کو مسلم لیگ ن آفس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی، صنم جاوید کی جانب سے نصیر الدین نیئرایڈووکیٹ پیش ہوئے، وکیل صنم جاوید نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ صنم جاوید کو ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا ، اب مسلم لیگ نون کا آفس جلانے کے کیس میں زیر حراست ہے، دو مقدمات میں صنم جاوید کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
دوران سماعت پراسیکیوشن کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید سمیت تین ملزمان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت مقدمہ کا ٹرائل شروع ہو چکا ہے ، ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کی جائے ، شریک ملزم تاج محمد اور محمد تنویر نے بھی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے ۔
عدالت نے تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔