اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے منشور کی تیاری کا عمل جاری ہے، چیئرمین منشور کمیٹی عرفان صدیقی نے مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی ہدایت پر تمام مکاتب فکر سے ملاقاتیں کررہے ہیں، منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات ہوئی، وفد میں چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری، سینئر ارکان رضوان چھینہ، انجینئر اظہارالاسلام ظفر، فہد وحید اور ظفر بختاوری شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کی تیاری کریں: قائد ن لیگ نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں کو ہدایت
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے منشور کے لئے تجاویز پیش کیں، عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تاجروں، صنعت کاروں اور کاروباری طبقے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی، کاروباری طبقہ، تاجر اور صنعت کار ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے ہر دور میں ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی، مسلم لیگ (ن) کی اس پالیسی کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا، عرفان صدیقی تاجروں، صنعت کاروں، وکلا، صحافیوں، کسانوں کی تنظیموں، اساتذہ اور دیگر اہم طبقات سے تجاویز لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کا اجلاس، مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی
چیمبر کے ارکان نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات، نجکاری سمیت مختلف تجاویز پیش کیں، وفد نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت، مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور تعمیرات کی صنعت کو مراعات دینے کے علاوہ متعدد دیگر تجاویز پیش کیں۔
عرفان صدیقی منگل کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔