کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نام نہاد سیاسی مخالفین اکٹھے بھی ہوجائیں ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے پھر تیر پر اعتماد کیا ہے، شہید بھٹو کے منشور کے مطابق عوام کے مسائل حل کریں گے۔
— Pakistan Peoples Party - PPP (@PPP_Org) November 6, 2023
بلاول بھٹو نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، 8 فروری کو ثابت کریں گے کراچی سے کشمیر تک لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، آصف زرداری اور نوازشریف کے رابطے بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ رابطہ پرانی خبر ہے، اگر کوئی فون کرتا ہے تو اتنی بڑی خبرنہیں ہونی چاہئے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑیں گے، بلدیاتی الیکشن 8 فروری کے انتخابات کا ٹریلر تھا، 8 فروری کا دن پیپلزپارٹی کی جیت کا دن ہوگا، ملک میں مہنگائی، غربت تاریخی سطح پر ہے، اس وقت ملک کو عوام دوست حکومت کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام دوست منصوبے پیش کئے۔
یہ بھی پڑھیں: سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، اگلی باری پیپلز پارٹی کی ہو گی: بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تومیدان میں ہیں اور جیت بھی رہے ہیں، (ن) لیگی رہنماؤں سے متعلق سوال پر کہا کہ جواب ان سے پوچھیں جو ضمنی، بلدیاتی، نومبر کے الیکشن سے بھاگ رہے تھے، 8 فروری کو ثابت کریں گے تیرکا نشان ہی جیتے گا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پیپلزپارٹی میں کوئی کنفیوژن نہیں، ہم جانتے ہیں دہشت گرد کون ہیں اور ان کا کیسے مقابلہ کیا جاتا ہے، افغانستان میں امریکی چھوڑے جانے والے اسلحے کا معاملہ کافی دیر سے اٹھا رہے ہیں، افغانستان گروپوں کے ہاتھ امریکا کا اسلحہ آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ صدرعارف علوی کو عہدے پر رہنے کی آئین گنجائش دیتا ہے، نئے صدر کے حلف لینے تک عارف علوی عہدے پر رہ سکتے ہیں، آج اگر (ن) لیگ مطالبہ کر رہی ہے تو اپنی 16 ماہ حکومت میں صدر کے خلاف اقدامات کیوں نہیں کئے؟
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ حساس تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو عوام اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے معافی نہیں ہوگی، جو لوگ نومئی سازش اور حملے میں ملوث نہیں ان کے لئے معافی ہونی چاہئے، سندھ کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کیوں سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے؟
یہ بھی پڑھیں: جمہوریت پسند سیاستدان ہر مسئلے کا حل الیکشن میں دیکھتے ہیں: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، افسوس الیکشن کمیشن نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی اجازت نہیں دی، سندھ میں ضمنی انتخابات نے ثابت کردیا کہ لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، صوبے کی عوام کے شکر گزار ہیں، چند مہینے پہلے رونا رویہ جا رہا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، اب ہماری نہ صوبائی حکومت تھی پھر بھی عوام نے تیر کو جتوایا، پاکستان کے عوام کو مسائل سے نکالیں گے۔