محسن نقوی کا مزار بی بی پاکدامن کا توسیعی منصوبہ رواں ماہ مکمل کرنے کا حکم

Published On 12 November,2023 09:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزار بی بی پاکدامن کے تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کو رواں ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا، مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے مزار کے توسیعی حصوں کا وزٹ کیا، مرکزی حصے اور گنبد کی تزئین و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے مرکزی گنبد سمیت دیگر گنبدوں کے فنشنگ ورک کا معائنہ کیا اور سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو ضروری ہدایات دیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزار کے ہر گنبد کو خوبصورت لائٹس سے روشن کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار پر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام، امن اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔