اسلام آباد : (دنیانیوز) چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر اعتراضات برقرار ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کا حکم دیدیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار ہیں ، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست گزار بشریٰ بی بی کو درخواست پر اعتراضات دور کرنے کا حکم دے دیا ۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار 7 روز میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کریں، درخواست گزار درخواست کے ساتھ متعلقہ دستاویزات بھی منسلک کریں۔
یادرہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی نے مقدمات کی تفصیلات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ تمام اداروں سے مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں، اس درخواست پر فیصلہ آنے تک کسی بھی مقدمے میں گرفتاری یا طلبی سے روکا جائے۔