اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ نیب کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بحال کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس کی ضمانت بحالی کی درخواستوں پرمحفوظ فیصلہ جاری کردیا ۔
عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بحال کردی جبکہ 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں ضمانت بحالی کی درخواست غیر مؤثر قرار دے دی گئی ، 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں نیب کی گرفتاری ڈالنے پر درخواست غیر موثر ہو گئی ۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل اور توشہ خانہ نیب کیسز میں ضمانت کی درخواستیں احتساب عدالت میں بحال کرنے کی پٹیشن پر فیصلہ محفوظ کیاتھا ۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے عدم پیروی پر دونوں ضمانتیں خارج کی تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے احتساب عدالت کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔