مردان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری کا حل پیپلز پارٹی کو آئندہ الیکشن میں جتوانا ہے، پرانی سیاست کرنے والے الیکٹیبلز کی تلاش میں ہیں، جو مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کنونشنز اور ورکر میٹنگز کا سلسلہ چل رہا ہے، کل ہم ایبٹ آباد میں تھے، ہزارہ ڈویژن کا کنونشن تھا، آج ایک بار پھر مردان پہنچا ہوں، آج مردان میں کنونشن ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی، پیپلز پارٹی نے پسماندہ طبقے کے غریب عوام کی نمائندگی ہر دور میں کی، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کی طاقت دلوائی، قائد عوام نے روٹی ،کپڑے اور عوام کا نعرہ لگایا، قائدعوام نے آپ کے لیے جدوجہد کی، شہادت قبول کی، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد شہید بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کا پرچم تھام لیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے 30 سال سیاسی جدوجہد کی، 2 آمروں سے ٹکرائیں، شہید بینظیر بھٹو نے عوام کی خاطر شہادت قبول کی،پیچھے نہیں ہٹیں، صدر زرداری نے خیبر پختونخوا کو شناخت دی، صدر زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کر کے قائدعوام کے آئین کو بحال کرایا، انہوں نے این ایف سی ایوارڈ دلوا کر خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنے وسائل کا مالک بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: پرانی سیاست ملک کی دشمن، وزیراعظم کی سلیکشن بند کمروں میں ہوتی ہے: بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے دور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو پوری دنیا میں مثال پروگرام سمجھا جاتا ہے، ہم نے اس پروگرام میں اضافہ کرنا ہے، آپ کو معلوم ہے اس وقت ملک میں مشکلات ہیں، معاشی بحران کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے، اس مہنگائی اور بیروزگاری کا حل پیپلز پارٹی کو آئندہ الیکشن میں جتوانا ہے، ہم ساتھ ملکر پاکستان کو تمام مسائل سے باہر نکالیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن وہی پرانی سیاست ہے، 70 سال سے ایک روایتی سیاست چلتی آرہی ہے، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا، نئی سیاست سے ہم مسائل سے نکل سکیں گے، پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں، پرانے سیاستدان نہ آج کی سوچتے ہیں نہ مستقبل کی، سیاست میں منشور اور نظریہ بہت ضروری ہوتا ہے، سب کو نظر آرہا ہے، آئندہ الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی نے جیتنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہو رہا ہے، اگر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے رہیں گے تو یہ ناانصافی ہوگی، آپس کے اختلافات کو میری خاطر چند ماہ کیلئے بھولنا ہے، سب ایک ہوکر مقابلہ کریں گے تو کوئی دوسری جماعت جیالوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی، ہم ایک نئی سیاست متعارف کرانا چاہتے ہیں، نفرت،گالم گلوچ اور تقسیم کی سیاست کو پیچھے چھوڑ کر نئی روایت قائم کرنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ مجھے آپ کا ساتھ چاہیے، اگر آپ میرے ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روک سکتی، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، ہمارا مقابلہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے ہے، میں اور آپ مل کر تمام مسائل کا حل نکالیں گے، میں پاکستان کے عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، ہم دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا بنیادی اصول ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، عوام ہی کے پاس یہ حق ہے کہ ملک کے حکمران کون ہوں گے، میں عوام کے ہر فیصلے کو ماننے کیلئے تیار ہوں، جو عوام فیصلہ کریں گے وہ ہمارے سر آنکھوں پر، الیکشن مہم جلد شروع ہوگی، وعدہ ہے قائد عوام اور بینظیر بھٹو شہید کے نامکمل مشن کو مل کر مکمل کریں گے، پیپلز پارٹی ایک جمہوری،وفاقی اور عوامی جماعت ہے۔
— PPP (@MediaCellPPP) November 17, 2023
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام پر بھروسہ کیا، باقی سیاستدان بھی عوام پر بھروسہ کریں، منشور پر بھروسہ کریں، باقی سیاستدان بھی دائیں بائیں نہ دیکھیں، عوام کی طرف دیکھیں، اگر پھر سے الیکشن کی جگہ سلیکشن ہوئی تو نقصان عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج کو بھگتا ہے، اب آگے بھی عوام سلیکٹڈ راج کو قبول نہیں کریں گے، آپ نے ووٹ کا حق استعمال کرنا ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جو پرانی سیاست کر رہے ہیں وہ الیکٹیبلز کی تلاش میں ہیں، جو مسلم لیگ، مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے، اب برا نہ مانیں یہ زمینی حقائق ہیں، اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہمارا نعرہ ہے، مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی، کپڑا اور مکان، جب تک ہر گھر میں روٹی، کپڑا اور مکان نہیں پہنچتا یہی ہمارا نعرہ رہے گا۔
— PPP (@MediaCellPPP) November 17, 2023
بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو ہمارا نعرہ، منشور اور تیر کامیاب ہوگا، وفاق کو ہم چلائیں گے، جیالا وزیراعظم بھی ہوگا اور وزیراعلیٰ بھی، ماضی میں جو ہوا وہ ہوا، آگے جا کر ساتھ مل کر محنت کرنی ہے، ہم نے سب کچھ ملک کیلئے کرنا ہے، ہم ضرور کامیاب ہوں گے، کل پشاور میں کنونشن ہو گا، پھر دیر اور چترال کی جانب سفر ہو گا۔