لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔
سابق ارکان قومی اسمبلی چودھری نور الحسن تنویر، ریاض الحق جج اور ملتان سے پارٹی ٹکٹ ہولڈر مہدی حسن لنگاہ کی پارٹی صدر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر بات ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہو گی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے۔
— PMLN (@pmln_org) November 17, 2023
انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، جس طرح دہشت گردی اور بد امنی ختم کی تھی، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوگا۔
سابق وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان اور رہنما روایتی جذبے اور عزم کے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں، اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابی آپ کی ہو گی۔