بلاول بھٹو وزیراعظم بننے کی خواہش میں حواس کھو بیٹھے ہیں: اختیار ولی خان

Published On 18 November,2023 06:17 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ترجمان ن لیگ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم بننے کی خواہش میں حواس کھو بیٹھے ہیں۔

ترجمان ن لیگ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ بلاول کے پاس نہ کوئی ویژن ہے اور نہ پروگرام، محض ذاتی خواہشات کے گھوڑے پر بیٹھے ہیں، پیپلز پارٹی ایک مردہ گھوڑا ہے، جس میں فلمی ڈائیلاگ سے جان نہیں ڈالی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: جسے مسلط کیا گیا اس نے یو ٹرن لینا سکھایا، میری مخالف مہنگائی، غربت ہے: بلاول بھٹو

اختیارولی نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت لینے کے حق میں نہیں تھی مگر بلاول ماہی بے آب بنے تھے، بلاول صاحب! کیا وزیر خارجہ بننے کے بعد شہباز سپیڈ کی تعریفیں بھول گئے ہیں؟ الیکشن میں کھوئی ہوئی ساکھ میں جان ڈالنے کیلئے الزامات ترک کردیں ورنہ سخت جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے 2013ء میں خون میں لتھڑا اور تاریکیوں میں ڈوبا پاکستان چھوڑا تھا، ہم نے پی پی پی کی تباہی پھیرنے کے بعد ملک کو مشکلات سے نکالا، نوازشریف دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، مسلم لیگ ن پاکستان کو مضبوط معاشی قوت بنائے گی اور بلاول تالی بجائیں گے۔