کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ منافق سے بات نہیں ہوسکتی، وہ پاگل ہی ہیں جو ڈوبتی ہوئی پیپلزپارٹی میں جا رہے ہیں۔
سینئر ڈپٹی کنوینرسید مصطفیٰ کمال نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ جو ہو رہا ہے یہ ایم کیو ایم کی کامیابی سے ہو رہا ہے، دشمن اگر بونگیاں مار رہا ہے تو انجوائے کرو، جانے والے واپس آنے کی کوشش نہ کریں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ جو تمہیں کمزور سمجھ رہے ہیں وہ تمہارے پیر پر آکر نہ پڑیں تو کہنا، آنے والے دنوں میں آپ کو ڈسٹرب کرنے کے لئے اعصاب سے کھیلا جائے گا، منافق کی کوئی جگہ نہیں، دشمن سے بات ہو سکتی ہے منافق سے نہیں، ان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ ان کو انجکشن لگا کر بھی نیند نہیں آئے گی۔
انیس قائم خانی
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا کسی جماعت کا جلسہ نہیں ہوتا جتنا ہمارا جنرل ورکر اجلاس ہے، متحد اور منظم ایم کیو ایم آج موجود ہے، یوسی کارکن بھی ہمارے پینل کو الیکشن کے انٹرویو دے رہے ہیں، دیگر پارٹیاں پیسے لیکر انتخابی فارم بھرواتی ہیں۔
انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کسی ٹکٹ کے خواہش مند سے پیسے نہیں لئے، ہمیں اپنی پارٹی پر فخر ہے، ایم کیو ایم اپنے کارکن کو خود الیکشن لڑاتی ہے، ایم کیو ایم ہر علاقہ میں جلسے کرکے بتارہی ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔