لاہور : (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جاری جنگی جرائم پر اسرائیل کا مواخذہ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ( ایکس ) پر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل انسانیت کے خلاف بدترین جنگی جرائم میں مسلسل مصروف ہے، اسرائیل کو ان اعمال پر کسی مواخذے کا سامنا نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی جنگی جرائم کا ثبوت 4000 سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادت ہے، ماضی کے تمام تنازعات میں بچوں کی کل اموات سے یہ تعداد زیادہ ہے، بچوں کے عالمی دن پر عالمی برادری کو اپنے آپ سے کچھ سخت سوالات کی ضرورت ہے۔
Israel continues to indulge in the worst crimes against humanity with absolutely no consequences for its actions. The principal proof of the Israeli war crimes is the killing of over 4000 Palestinian children in cold blood. This is the largest number of children killed in one…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 20, 2023
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی جرائم کو حق دفاع قرار دینے والوں کی مجرمانہ خاموشی پر دل گرفتہ ہوں۔
غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 13ہزار ہوگئی ہے جس میں بچے اور خواتین شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں عالمی یوم اطفال "ہر بچے کیلئے ہر حق" کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔