ہماری جدوجہد کا محور آزاد فلسطین کا قیام ہے: سراج الحق

Published On 23 November,2023 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد کا محور آزاد فلسطین کا قیام ہے، ہم ظلم کے مقابلے میں مل کر لڑیں گے۔

اسلام آباد میں بچوں کے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بچوں کا اجتماع پیغام دے رہا ہے کہ وہ غزہ کے ساتھ ہیں، فیصل مسجد کے سامنے ہزاروں کا اجتماع ظالموں کیلئے موت کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اسرائیل کی وجہ سے پورا غزہ ملبے کا ڈھیر اور بچوں کا قبرستان بن گیا ہے، غزہ میں بغیر کفن کے نعشیں پڑی ہوئی ہیں، تمام ظالموں اور وحشی درندوں کو اس دنیا میں سزا ملنی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ترکی اور استنبول کے عوام بھی اسرائیلی ظلم کے خلاف کھڑے ہیں، لندن، واشنگٹن اور دنیا کے باضمیر انسان اہل غزہ کی سپورٹ میں کھڑے ہیں، افسوس ہے کہ عوام غزہ کے ساتھ ہیں جبکہ حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا حکمرانوں کو کفن کے بغیر نعشیں نظر نہیں آ رہیں؟ صدر نے تجویز دی ہے اسرائیل کو تسلیم کیا جائے جبکہ ہمارے نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہاں دو ریاستیں قائم ہوں، صدر اور نگران وزیراعظم کو یہ مینڈیٹ کس نے دیا کہ فلسطینیوں کی حمایت کے بغیر دو ریاستی حل کی بات کریں۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے وہاں اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے، صدر پاکستان، وزیراعظم یا کسی اور کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان کی قومی پالیسی کو تسلیم کرے، اگر ساری دنیا بھی اسرائیل کو تسلیم کر لے تو پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

 

Advertisement