اسلام آباد: (دنیانیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاورمانیکا نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف درخواست دائرکردی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاورمانیکا کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی ، درخواست میں خاور مانیکا نے مؤقف اختیار کیا کہ بشری بی بی سے1989 میں نکاح ہوا اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے، یو اے ای میں مقیم سالی نے دھرنا کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی سے متعارف کرایا۔
درخواست میں کہا گیا کہ میرا تعلق پاک پتن کی مانیکا فیملی سے ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو باعزت طریقے سے اپنی فیملی سے دور کرنے کی کوشش کی مگر ان کی مسلسل مداخلت جاری رہی ، چیئرمین پی ٹی آئی پیری مریدی کا سہارا لیکر میری ذاتی زندگی اور گھر میں داخل ہوئے اور وہ میری غیر موجودگی میں میرے گھر آتے تھے ۔
خاور مانیکا نے درخواست میں مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی گھنٹوں میرے گھر میں گزارتے تھے جوکہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں ، ایک روز اچانک گھر آیا تو زلفی بخاری میرے بیڈ روم میں موجود تھے ، بشری بی بی نے بنی گالہ ہاؤس آنا جانا شروع کردیا۔
خاور مانیکا نے درخواست میں بشری بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا کی استدعا کردی ، خاور مانیکا کا بیان قلمبند ہونے کے بعد عدالت نے سماعت 28نومبرتک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے دوران عدت نکاح کا کیس واپس لینے کی مدعی کی درخواست منظورکی تھی۔