اسلام آباد: (دنیانیوز) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ آج سے آج ( اتوار) سے 28 نومبر 2023 تک متحدہ عرب امارات (یواے ای ) کا دورہ کریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم تین روزہ دورے میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق یہ ملاقات سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی، دفاع اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گی۔
دورے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز کے منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹک، کان کنی، ایوی ایشن اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید گہرے ہوئے ہیں۔