لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے زیر اہتمام تقریب ہوئی، چین کے قونصل جنرل زاؤ شیریں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
قونصلیٹ کی جانب سے 12 ٹاپرز اور مستحق طلبہ میں 5 لاکھ روپے کے وظائف تقسیم کئے گئے، شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے ڈِین ڈاکٹر خالد منظور سمیت فیکلٹی ارکان اور طلباوطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی، پاک چین تعلقات اور دوستی کو اُجاگر کرنے کے لئے طلبا و طالبات کو ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
قونصل جنرل چائنہ کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ مجھے دوسری مرتبہ اس ادارے میں آنے کا موقع ملا، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کو آئندہ سال دس لاکھ روپے کے وظائف دیئے جائیں گے۔
یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر خالد منظور کا کہنا تھا سکالرشپس بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ بچے محنت اور لگن سے کام کر سکیں، یو سی پی اس عزم کا ارادہ رکھتی ہے کہ چین کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مستقبل میں مزید ایم او یوز پر دستخط کئے جائیں۔
طلبا و طالبات کا اس موقع پر کہنا تھا سکالرشپ حاصل کر کے بے حد خوشی ہو رہی ہے، مستقبل میں مزید محنت کریں گے۔
تقریب میں ہیڈ آف پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر وحید احمد خان، ہیڈ آف سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شازیہ، ہیڈ آف اکنامکس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ارسلان اور پرو ریکٹر ڈاکٹر ہادیہ اعوان نے خصوصی شرکت کی۔