لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اہم اجلاس ہوا جس میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا گیا، آر پی او بہاولپور نے ڈاکوؤں کے حملے اور پولیس کے ایکشن کے بارے میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ دی اور گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں پولیس کے 3 کانسٹیبل شہید ہوئے، پولیس کی کارروائی میں 4 ڈاکو مارے گئے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے، کچے کے علاقے میں کاشت فصلوں کی فوری کٹائی کی جائے تاکہ شرپسندوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے۔
صوبائی وزراء عامر میر، ابراہیم حسن مراد، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈی پی او رحیم یار خان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بعدازاں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کچے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان پہنچے، وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمی کانسٹیبل نوید اختر، جمیل احمد، محمد عمران، عبدالرزاق، آصف علی اور محمدسرور کی عیادت کی اور زخمی پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں شاباش دی۔