لاہور: (دنیا نیوز) سموگ میں نمایاں کمی اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے پابندیاں ختم کرتے ہوئے آج تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دے دی۔
گزشتہ روز نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس ہوا جس میں سموگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ماہرین ماحولیات اور صحت نے سموگ میں کمی اور اس کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، بلال افضل نے شرکت کی، اس کے علاوہ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ صورتحال میں بہتری کی وجہ سے سموگ کے حوالے سے پابندیوں کو ختم کیا جا رہا ہے، ادارے، مارکیٹیں، بازار، ریسٹورنٹس اور بزنس ہاؤسز ہفتہ اور اتوار کو معمول کے مطابق کھلیں گے، آج تعلیمی بھی ادارے کھلے رہیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، سموگ میں کمی کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھا رہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔
اجلاس کے دوران پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 18 دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا اس حوالے سے پنجاب حکومت نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس کے مطابق صوبہ میں نجی و سرکاری سکول چھٹیوں کے بعد 2 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
دوسری جانب تاجروں نے سموگ پابندیاں ختم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگران وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کے شکر گزار ہیں۔
صدر انجمن تاجران و ممبر لاہور چیمبر ایگزیکٹو کمیٹی مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے تاجر ماسک کا استعمال لازمی اور ایس او پیز پر عمل کریں، ماسک پہن کر ہم مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔