لاہور : (دنیانیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے کیس میں ملزم افنان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے مقدمہ کی سماعت کی، سماعت کے دوران پولیس نے ملزم افنان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم افنان کی تمام میڈیکل ٹیسٹ کروا لیے گئے ہیں، ملزم افنان سے مزید تفتیش درکار ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟
اس موقع پر وکیل مدعی نے کہا کہ ملزم کے شریک ملزمان سے تفتیش جاری ہے، ملزم کا فون ریکور کرنا ہے، میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے، فاضل جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا ملزم کا فون ریکور کرنا ہے؟ تفتیشی نے جواب دیا کہ ملزم کا فون ریکور کرنے کی استدعا نہیں کی۔
بعدازاں عدالت نے پولیس کی ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے افنان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یاد رہے کہ ملزم افنان کے خلاف تھانہ ڈیفنس پولیس نے کار حادثے میں6 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔