لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں اور سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔
شہبازشریف سے ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے ملاقات کی، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق بیرسٹر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے، شہبازشریف نے بشیرمیمن کو سندھ کلچر ڈے کی مبارک دی۔
— PMLN (@pmln_org) December 3, 2023
ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور صوبہ سندھ میں تنظیمی امور پر مشاورت ہوئی، صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا، اجلاس میں ایم کیو ایم سے ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر سے شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری فرخ الطاف، سید باسط بخاری، میاں عمران قریشی کی بھی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: حملہ بس پر نہیں پاکستان پر کیا گیا، دہشتگردوں کو جلد گرفتار کیا جائے: شہبازشریف
پارٹی صدر کو رہنماؤں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں سے آگاہ کیا، شہبازشریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا۔
شہبازشریف نے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نوازشریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لئے یہ الیکشن بہت اہم ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے، گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کئے گئے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہمارے خلاف شروع کئے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے، پارٹی رہنماؤں نے قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارکباد بھی پیش کی۔