پشاور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری سیاسی سموگ کے خاتمے کا دن ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ انتخابات میں عوام ملک کو بچانے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی سیاسی آلودگی کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے، الیکشن کا دن عوام کے لئے یوم نجات، بڑی سیاسی جماعتوں کے لئے یوم حساب ہو گا۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمران پارٹیوں نے فوجی گملوں میں پرورش پائی، قوم کے 40 سال ضائع کئے، ملک کو ایک دن بھی حقیقی جمہوریت اور قرآن و سنت کا نظام دیکھنے کو نہیں ملا، حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کا غلام بنا دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار میں آ کر ایک بار نہیں بار بار قوم کو دھوکہ دیا، حکمران اشرافیہ ارب پتی بن گئی، ملک کھربوں روپے کا مقروض ہو گیا۔