لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، میاں ثاقب خورشید، جاوید علی شاہ، عائشہ ارشد لودھی ،نوید اسلم لودھی ، شیخ فیاض، عابد رضا کوٹلہ سید مبین، قطب کوریجہ، مخدوم مبین، چوہدری محمود عالم، چوہدری ارشد اور منور کھیتران نے پارٹی صدر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سابق وزیر ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے، ملاقات میں پارٹی امور اور عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو ہوئی، رہنماؤں نے سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے قائد نواز شریف کی بریت پر پارٹی صدر کو مبارک دی۔
شہباز شریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے، نواز شریف کو سزائیں سنا کر قوم اور ملک کو سزا دی گئی۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مقدمات ہی نہیں، مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے، قوم کی ترقی پر پوری توجہ اور صلاحیتیں مرکوز کریں گے، 16 ماہ کے دوران ریاست کے مفادات میں کئے گئے ہمارے مشکل مگر درست فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بہتر ہو رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ 8 فروری کے عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کریں، ملاقات میں رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں انتخابی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔