پشاور بی آر ٹی منصوبہ مالی خسارے سے دوچار، کرایے بڑھانے پر غور

Published On 06 January,2024 11:54 am

پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی دور حکومت میں شروع ہونے والا بی آر ٹی منصوبہ مالی خسارے سے دوچار ہو گیا۔

بی آر ٹی کا خسارہ پورا کرنے کے لیے ایک بار پھر کرایے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے اور کے پی اربن موبیلیٹی اتھارٹی کی تجاویز پر مشتمل سمری صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق پہلی تجویز کے تحت کرایے میں 5 سے 20 روپے اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، کرایوں میں اضافے سے سالانہ آمدن کا تخمینہ ایک ارب 36 کروڑ 33 لاکھ روپے ہے جبکہ دوسری تجویز یہ دی گئی ہے کہ کرایے میں 5 سے 10 روپے کے اضافے سے سالانہ 67 کروڑ 21 لاکھ روپے آمدن ہو گی۔

دستاویز کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باجود بی آرٹی کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، کرایوں میں ردوبدل نہ کرنے سے صوبائی حکومت بھاری سبسڈی دے رہی ہے اور کرایوں میں اضافے سے صوبائی حکومت پر سبسڈی کی مد میں بوجھ کم ہو گا۔

دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کرایوں میں اضافے کے ساتھ دیگر آپشنز پر بھی کام کرنا ہوگا، ایکسپریس روٹ پر بسوں کے کرایوں میں 10 سے 20 روپے اضافے کی تجویزدی گئی ہے، خیبرپختونخوا حکومت بی آر ٹی کو سالانہ 3 ارب روپے سے زیادہ سبسڈی دے رہی ہے جبکہ گزشتہ سال جون 2023 میں بی آرٹی کے کرایوں میں 5 روپے اضافہ کیا گیا تھا۔

 

Advertisement