توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو قانون کے مطابق کئے کی سزا ہوئی: رانا تنویر حسین

Published On 31 January,2024 04:39 pm

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو قانون کے مطابق کئے کی سزا ہوئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ننکانہ صاحب کے قصبہ کھیاڑے کلاں میں انتخابی جلسہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت قانون اور الله تعالیٰ کی گرفت میں آیا ہوا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں توشہ خانہ کیس میں بالکل انصاف ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو اپیل کا حق ہے، وہ جہاں جانا چاہتا ہے جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اپنی مشہوری کر رہا ہے، ہم تو جواب ہی نہیں دے رہے، بلاول مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف پر تنقید کرکے اپنے آپ کو ایکسپوز کر رہا ہے، پنجاب میں بلاول کو لوگ مذاق کے طور پر لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سارے ملک، خاص طور پر پنجاب کے لوگوں کی نظریں میاں نوازشریف کی طرف ہیں کہ یہ ملک کو آگے خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے، 8 فروری کو مسلم لیگ ن ہی جیتے گی، پاکستان کی عوام میاں نوازشریف کے ساتھ ہے۔