رینجرزسندھ کے صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل

Published On 07 February,2024 12:04 pm

کراچی : (دنیا نیوز) پا کستان رینجرز (سندھ) کی جا نب سے صوبے بھر میں (کل) 8 فروری کو ہونے والے جنرل الیکشن کے حوالے سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق جنرل الیکشن کی مناسبت سے سندھ رینجرز نے پاک فوج اور پولیس کے ہمراہ اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔

فلیگ مارچ اندرون سندھ کے مختلف علاقوں سکھرسٹی، ائیر پورٹ، سائٹ  ایریا، نیو پنڈ، تماچانڑی، باگڑ جی، خیر پور، رانی پور، گمبٹ، سوبوڈیرو، کنگری، کوٹ پیر صاحب، گھوٹکی سٹی، اوباڑو، ڈھرکی، قادر پور، شکار پورسٹی، خانپورسٹی، فیضو لاڑو، جیکب آبادسٹی، جہان پور، دودا پور، گڑھی خیرو، قمبر شہداد کوٹ، قمبر، میرو خان، وگنڑ، واڑھ، نصیر آباد، کشمورسٹی، بخشا پور، بڈانی، میانی،سانگھڑسٹی، موہنی بازار،چکرا چوک، کلمہ چورک، سکرنڈ روڈ، نیشنل ہائی وے، قاضی احمد، دولت پور،شہداد پور، ٹنڈو آدم میں کیا گیا۔

فلیگ مارچ 8 فروری 2024 کوہونے والے جنرل الیکشن کے حوالے سے متعلقہ ذمہ داری کے علاقے میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا، فلیگ مارچ کے دوران شہر کے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنزسمیت دیگر پولنگ اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا گیا۔

فلیگ مارچ میں رینجرز موٹر سائیکل سکواڈ اور النساء فورس بھی شریک ہوئی، ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں۔