لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گرین ٹاؤن میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے ہیڈ کوارٹرز میں مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے افسران اور عملے سے ملاقات کی اور محنت و پروفیشنل انداز میں فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ملک لیاقت نے وزیراعلیٰ کو منظم جرائم پر قابو پانے اور گینگز کی سرکوبی کیلئے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ صوبے میں منظم جرائم اور گینگز کے خاتمے کیلئے آرگنائزڈ کرائم یونٹ ہر اول دستے کا کردارادا کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔