کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفرازبگٹی نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ تین ایم پی ایز بھی شریک تھے، بلوچستان کے ایم پی ایز میں علی مدد جتک، ظہورعلی بلیدی اورعبداللہ گرگیج شامل تھے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ سید ناصرشاہ، شرجیل میمن، مکیش چاولہ اور ضیاء الحسن لنجار شامل تھے، سید مرادعلی شاہ نے سرفراز بگٹی کو بلوچستان کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گوادر میں فلاحی اقدامات کے حوالےسے اپنے ہم منصب سے بات چیت کی، وزیراعلیٰ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ نے گوادر میں سات نکاسی آب کی مشینیں بھیجی ہیں، اگر کسی دیگرمشینری کی ضرورت ہوئی تو گوادر ارسال کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں پانی کی نکاسی اور دیگر بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے دونوں وزرائے اعلیٰ نے 9 مارچ کو صدارتی انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ اور بلوچستان نے کہا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوبارہ ملک کے صدر منتخب ہوجائیں گے، دونوں وزرائے اعلیٰ نے امن و امان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے اعلیٰ نے اتفاق کیا کہ بہت جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، دونوں رہنماؤں نے سمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف بھی مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔