لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے نہیں، اللہ کی مہربانی سے مسائل سے نکل سکتا ہے۔
اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ اللہ کی دی گئی شریعت پر عمل کر کے ہی حقیقی کامیابی نصیب ہوسکتی ہے، آئی ایم ایف کا مزید دباؤ ملک اور قوم کے لیے نیک شگون نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے نزدیک آئی ایم ایف کی چوکھٹ ہی ملک کے معاشی مسائل کا حل ہے، حکمران کرپشن اور سودی نظام ختم کرنے اور گورننس کی بہتری پر توجہ نہیں دیتے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمران اشرافیہ اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرے، غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پایا جائے، حکمران غریبوں کا خون نچوڑنا بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر کرپٹ حکمرانوں کا محاسبہ کرے گی۔