حیدر آباد: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے عید الفطر کے بعد ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر عید کے فوری بعد کراچی میں خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا، الیکٹرک بسوں کے نئے روٹس کا بھی آغاز کریں گے، میرپور خاص میں عوام الناس کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کیلئے کیش لیس ٹکٹ سروس متعارف کروائی جائے گی، سندھ حکومت کی جانب سے اورنج لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی کو جوڑنے کیلئے مفت شٹل سروس شروع کی جائے گی، کراچی کے عوام کیلئے مفت شٹل سروس عید کے فوری بعد شروع ہوگی۔