لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرنے پرعوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی کامیابی عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے ،باشعور عوام نے ثابت کردیا وہ اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا بھر پور شعور رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام جان چکے ہیں ان کی ترقی کیلئے نوازشریف کی قیادت ضروری ہے ،قوم کی ترقی اورعوام کی خدمت صرف مسلم لیگ (ن) کا شعارہے، پنجاب کوآگے لیکر جائیں گے،ترقی کا سفرہر روز تیز تر ہوگا، پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام نے شفاف انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور اعتماد سے نوازا، ہم کام کریں گے اورکرتے رہیں گے،ہمارا کام بولے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ پولیس اوردیگر اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔