اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں سابق سپیکر اسد قیصر اور راجہ پرویز اشرف کے دور میں 300 سے زائد افراد کی غیر قانونی بھرتیوں کے معاملہ پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے قومی اسمبلی سے گزشتہ 5 برسوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے، نیب کو ان بھرتیوں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ موصول ہونے کے بعد انکوائری کو آگے بڑھایا جائے گا، پہلے سلسلے میں قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران کو طلب کر کے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑی تو دونوں سابق سپیکرز کو تحقیقات کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے، قومی اسمبلی کو ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے نوٹس بھیج دیا گیا۔