اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس میں تجارت، معیشت، سیکورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ازبک وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو ازبکستان کے دورےکی دعوت دی۔
وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت، معیشت، سکیورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں افغانستان میں دیر پا امن اور ترقی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور دیگر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے ایک مؤثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔