لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی وزیر اری گیشن کاظم پیرزادہ نے ملاقات کی جس میں محکمہ انہار کے امور پرتبادلہ خیال اور کاشتکاروں کو ٹیل تک پانی کی بروقت فراہمی کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں اری گیشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صوبہ بھر میں کھالوں کو پختہ کرنے کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتےہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے 1200 کھالے پکے کیے جارہے ہیں، دوسرے مرحلے میں صوبہ بھر میں 7 ہزار کھالے پکے کیے جائیں گے، آئندہ 5 سالوں میں کھالوں کو پختہ کردیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ کھالے پکے ہونے سے نہروں کی ٹیل پر بھی کاشتکاروں کو وافر پانی دستیاب ہوگا، نہری پانی کی چوری برداشت نہیں، سدباب کے لئے مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر کاظم پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں کابینہ اور ٹیم عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کررہی ہے، قائد میاں نوازشریف کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کا مشن پورا کریں گے۔