اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد کشمیر کے مسائل بات چیت اور مشاورت سے حل کریں، سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہئے تاکہ دشمن حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔
وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا، صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہئے، موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے عوام کی شکایات پر وزیراعظم سے بات کروں گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ صحت، تعلیم، سیاحت اور انفراسٹرکچر سمیت آزاد کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہئے، صدر مملکت نے دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آصف علی زرداری نے آزاد جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا، پولیس اہلکار کی افسوسناک ہلاکت پر بھی تعزیت کا اظہار کیا، حالیہ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔