خیبرپختونخوا ہاؤس میں گورنر کیلئےمختص بلاک ختم کردیا: بیرسٹر سیف

Published On 15 May,2024 02:08 pm

پشاور:(دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں گورنر کے لئے مختص بلاک ختم کردیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ خیبر پختونخوا کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا، وزراء اور ممبران اسمبلی کےلئے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا،گورنر انیکسی فی الحال ممبران صوبائی اسمبلی اور وزراء استعمال کریں گے، گورنر کے لیے کے پی ہاؤس میں متبادل رہائش کا بندوبست کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر فی الحال سندھ ہاؤس میں قیام کا بندوست کریں، گورنر کے رہائش کے لیے متبادل انتظام کیا جارہا ہے، گورنرکے اسلام آباد میں کئی گھر ہیں، اسلام آباد میں رہائش کی کوئی کمی نہیں ہے۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ گورنر دل نہ ہاریں، سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی ایم پی اے کی طرح کے پی ہاؤس میں داخلہ بند نہیں کریں گے۔