پاک بحریہ کے ’پی این ایس بابر‘ کے عملے کی استنبول میں تربیت مکمل

Published On 11 June,2024 06:04 pm

کراچی :(دنیا نیوز) پاک بحریہ کے نئے جہاز ’پی این ایس بابر‘ کے عملے نے گولچک نیول بیس ترکیہ میں تربیت مکمل کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اپنی نوعیت کی پہلی ٹریننگ کا انعقاد ترکش نیول فورسز اور پاک بحریہ نے مشترکہ طور پر کیا، ٹریننگ کا مقصد جہاز کے عملے کو مختلف بحری آپریشنز کے لیے تربیت دینا اور دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ٹریننگ کے دوران کمانڈر گولچک نیول بیس، کمانڈنگ آفیسر استنبول نیول شپ یارڈ نے پی این ایس بابر کا دورہ کیا، ترکش نیول فورسز کے اعلیٰ حکام نے پاک بحریہ کے آپریشنل اور تربیتی معیار کو سراہا، پی این ایس بابر نے آبنائے کاناکلے میں پہلی جنگ عظیم کی یادگار کے سامنے گزرتے ہوئے ترک شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پی این ایس بابر 4 ملجم کلاس جہازوں میں پہلا جہاز ہے جو ترکیہ کے تعاون سے تیار کیے جا رہے ہیں، پاک ترک معاہدے کے تحت 2 جہاز استنبول اور 2 کراچی میں تیار ہو رہے ہیں۔