شہید محترمہ نے عوام کے ساتھ مل کر آمروں کا مقابلہ کیا: بلاول بھٹو

Published On 21 June,2024 07:49 pm

کراچی :(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ نے عوام کے ساتھ مل کر آمروں کا مقابلہ کیا۔

کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کراچی میں پیدا ہوئیں،  ہمیں شہید محترمہ کے عوامی خدمت کے مشن کو آگے لے کر چلناہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کے لوگ شہید محترمہ کے لاڈلے ہیں،آپ کی مدد سے ایک بار پھر صوبہ سندھ میں حکومت بنائی ہے، شہید محترمہ نے لیاری کے لوگوں کے ساتھ مشکل وقت گزار اور یہاں کے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، ہم تین نسلوں سے اس صوبے اور شہر کی خدمت کررہے ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ٹیم سخت محنت کررہی ہیں ، ملک میں 16سے 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے سندھ اور کراچی کے عوام کو سولر پینل دیں گے،سولر کے حوالے سے ہم اپنا وعدہ پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ 5سال میں سولر کے منصوبے کو صوبے بھر میں وسیع کریں گے، جو سولر نہیں خرید سکتے انہیں سبسڈی دیں گے ،سندھ میں روزگار کے مواقع پیدا کررہے ہیں،حکومت کوشش کررہی ہے کہ ملک میں معاشی بحران حل ہو،وزیراعظم شہباز شریف کی نیت صاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے امید ہے کہ وہ پیپلزپارٹی سے کیے وعدہ پورے کرے گی، حکومت کو بجٹ بناتے ہوئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرنا چاہیے تھی ، اتحادی جماعتوں کے بجٹ پر کچھ تحفظات ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اس ملک میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے ،اسلام آباد میں بیٹھے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، ہمیں مل کر ملک کو مسائل سے نکالنا ہوگا، ہم نے عوام کی آواز اٹھانی ہیں اور ان کو حقوق دلانے کی جدوجہد کرنی ہے۔