لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیاحوں کی سہولت کیلئے راولپنڈی سے مری تک گلاس ٹرین پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی زیر صدارت 5 گھنٹے طویل خصوصی اجلاس ہوا جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی، اجلاس میں مری کی ڈویلپمنٹ، بیوٹی فیکیشن، ٹرانسپورٹ اور تعمیر وبحالی کے پراجیکٹس منظور کئے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں مری مال روڈ پر قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ کو ہٹانے کا فیصلہ اور جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں مری سمیت ہر شہر اور علاقے میں تاریخی عمارتوں کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے مری مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر سکیم نافذ کرنے کی ہدایت کی۔
دوران اجلاس مری میں تعمیرات کے لئے بلڈنگ لاز میں ترمیم اور منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے قلیل، اوسط اور طویل المدتی جامع پلان پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ موجودہ سسٹم کی مرمت اور بحالی کی جائے گی، مری میں روزانہ 6 لاکھ گیلن سے زائد صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ مری کے دیہات کی 53 کلومیٹر سٹریٹس میں آر سی سی اور ٹف ٹائلیں لگائی جائیں گی، گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کر کے سٹور کیا جائے گا۔
اجلاس میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کر کے گھریلو استعمال میں لانے اور اولڈ راولپنڈی، مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قدیمی عمارتوں کے اصل نام بحال کرنے کے لئے فوری قانون سازی، ہر شہر میں تاریخ اور روایات کی مناسبت سے یادگار لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مری شہر پہلے سے بہت بہتر ہو چکا ہے عوام کے لئے بہترین بنائیں گے۔