کراچی: (دنیا نیوز) مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کیلئے قافلے کراچی سے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مہنگائی، بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں شرکت کیلئے کراچی سے کارکنوں کے قافلے کو بذریعہ ٹرین رخصت کیا۔
روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی سے پہلا قافلہ اسلام آباد روانہ ہو گیا آج بھی شہر قائد سے قافلے روانہ ہوں گے، جدوجہد حق دو کراچی سے شروع ہوئی تھی اب ‘حق دو عوام کو’ کے عنوان سے شروع ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم حکومت کیخلاف کھڑے نہ ہوئے تو آئندہ اس سے بھی بدتر حالات ہونگے: حافظ نعیم الرحمان
منعم ظفر خان نے مزید کہا ہے کہ آئی پی پیز اور کے الیکٹرک کے نام پر عوام کے جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر پورا پاکستان اسلام آباد کے ڈی چوک پر جمع ہو رہا ہے، ہم پاکستان کے عوام کیلئے اسلام آباد جا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ حق دو عوام کو صرف کراچی کی آواز نہیں بلکہ پورے پاکستان کی آواز ہے، کراچی میں ہر زبان بولنے والا شہری آباد ہے، نااہل حکمرانوں نے بھاری بلز اور تنخواہ دار طبقے پر ظالمانہ ٹیکسز لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ‘حق دو کراچی کو’ کے سلسلے میں سندھ اسمبلی کے باہر 29 دن دھرنا دیا تھا، اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھی زبردست دھرنا دیں گے، ہمارا دھرنا 29 دن نہیں بلکہ اس سے زیادہ ہو سکتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے جائیں۔