اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے۔
ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر صدر پیغام ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج ہے ، کیونکہ اسکی علامات ظاہر نہ ہونے سے اس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ، ہیپاٹائٹس سے عالمی سطح پر ہر سال بڑی تعداد میں اموات واقع ہوتی ہیں، ہیپاٹائٹس سے ہمارے ملک میں صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ہمارے صحت کے نظام پر بوجھ پڑتا ہے، صحت عامہ کے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر سکریننگ اور بروقت تشخیص کی ضرورت ہے، سکریننگ اور بروقت تشخیص سے پاکستان کے صحت عامہ کے نظام پر بوجھ کم ہوگا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بروقت اقدامات نہ اٹھانے سے پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے، ہمیں عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے، ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے، سکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، سکریننگ اور علاج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی ، ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور اسکے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ، میڈیا ، تعلیمی ادارے ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کو ہیپاٹائٹس کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دینا ہوگی ، آئیے! مل کر ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان بنانے کیلئے کام کریں۔