تھرپارکر: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) دوران بارش آسمانی بجلی گرنے کے 3 الگ الگ واقعات میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق ننگرپارکر کے نواحی گاؤں آکراڑو میں کھیت میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد لقمہ اجل بن گئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
ایک ہی خاندان کے 6 افراد کھیت میں موجود تھے کہ آسمانی بجلی گرگئی، جس سے دو 8 سالہ بچیاں، ایک 10 سالہ بچہ ، 2 نوجوان اور ایک بزرگ جاں بحق ہوگئے۔
علاوہ ازیں گاؤں بانٹاڑیو میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر راہ گیر 40 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چھاچھرو کے گاؤں خمیسو منگریو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 11 سال کی بچی جاں بحق ہو گئی۔
دوسری جانب محکمہ ویٹرنری ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے 20 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔