لاہور : (دنیانیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد یہ کشیدگی اور جنگ مزید بڑھے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید نے دنیانیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر سن پر کر بہت غم ہوا،ایک مجاہد کو شہید کردیا گیا، یہ فلسطینی عوام کیلئے ایک بہت بڑی شہادت ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سےجنگ بندی کی باتوں کو سبوتاژ کردیا گیا ہے، یہ فلسطینی جنگ آزادی کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، ان کو ایران کے دارالخلافہ تہران میں شہید کیا گیا، یہ ایرانی سکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کی بہت بڑی ناکامی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل نےیہ قدم اٹھانے سے پہلے امریکیوں کو لازمی تحفظ میں لیا ہوگا، اسماعیل ہانیہ کشمیر کی آزادی کیلئےبہت آواز اٹھاتے تھے، اسرائیل نے اب مشرق وسطیٰ میں ایکشن شروع کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔