لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف مہنگائی کے خاتمے کے لئے مزید سرگرم ہوگئیں، ایک ہی ہفتے میں دوسری بار اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں چکن، دودھ کے نرخوں میں مصنوعی اضافہ روکنے کے لئے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے چکن، دودھ کی سپلائی چین میکنزم اور نرخ کے تعین سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے نرخ کی مانیٹرنگ اور استحکام کے لئے مزید مؤثر نظام بنانے کی ہدایت کر دی، مریم نوازشریف نے کہا کہ سپلائی چین کی کارکردگی میں بہتری کے لئے سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سپلائی چین کو بہتر بنا کر قیمتوں میں استحکام لایا جائے، قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ناقابل برداشت ہے۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کی چیئر پرسن سلمیٰ بٹ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری زراعت افتخار سہو، سیکرٹری خوراک معظم سپرا، سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔