اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تھانوں میں سائلین کو بلاوجہ انتظار کرانا کسی صورت برداشت نہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی اچانک بغیر اطلاع تھانہ کھنہ اسلام آباد کے دورے پر پہنچ گئے، اس موقع پر تفتیشی افسران کمرے سے غائب پائے گئے جبکہ سائلین ان کے انتظار میں بیٹھے تھے، ڈیوٹی پر موجود سب انسپکٹر کسی بات کا جواب نہ دے سکا۔
اس موقع پر ایک کمرے میں تفتیشی افسران اور دوسرے میں 2 نشئی سوئے ہوئے تھے، فرنٹ ڈیسک روم میں سگریٹ کی بو آ رہی تھی جبکہ تھانے کے اندر 1500 موٹرسائیکلیں، کئی گاڑیاں بند تھیں۔
محسن نقوی نے تھانے کی حالت زار دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا اور وزیرداخلہ م نے فرنٹ ڈیسک، محررروم،حوالات کا بھی دورہ کیا ،انہوں نے حوالات میں بند ملزمان سے کیسوں کے بارے میں دریافت کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے غلط جگہ ریڑھی لگانے والے 4 افراد کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے چھوڑنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ تھانے میں اس قدر زیادہ موٹرسائیکلز کھڑی کرنے کا کوئی جواز نہیں،موٹرسائیکلز جن شہریوں کی ہیں ان کے حوالے کی جائیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سائلین کی بلاتاخیر دادرسی کی جائے ، سائلین کو بلاوجہ انتظار کرانا کسی صورت برداشت نہیں۔