اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ماحول دوست توانائی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ریجنل پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جاپان کی وزیر مملکت توشیکو آبے سمیت تمام ملکی و غیر ملکی معززین کو تقریب میں خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو مکمل طور پر بااختیار بنائے بغیر گرین اکانومی، پائیدار ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، خواتین کو با اختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو رد نہیں کیا جا سکتا، خواتین کو با اختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پارلیمان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئےہر سطح پر تسلسل سے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان کے پارلیمان کو دنیا کا پہلا گرین پارلیمنٹ ہونے یا اعزاز حاصل ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے بلوچستان میں اربوں روپے کے شمسی توانائی منصوبے کا آغاز موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اہم قدم ہے، کوآرڈینیٹر ٹو پرائم منسٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کو اس اہم معاملے پر ریجنل کانفرنس منعقد کروانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔