اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے نیدرلینڈ کی سفیر ہینی فوکل دی ورائیس نے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نیدرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
ملاقات میں پاک افغان سرحد پر تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں ختم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دوران ملاقات دونوں اطراف سے تعلقات کے تمام پہلوؤں سمیت عالمی اور علاقائی مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر نیدرلینڈ کی سفیر ہینی فوکل دی ورائیس کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعمیری تعاون پر آمادگی بھی ظاہر کی گئی۔