اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹرعبد المالک بلوچ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی سیاسی و مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفد میں سینیٹر جان محمد اور رکن قومی اسمبلی پلن بلوچ بھی شامل تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے اقدام پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرآئزیشن کا بلوچستان کے کسانوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا۔
نیشنل پارٹی کے صدر عبد المالک بلوچ نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی جانب مثبت پیشرفت ہیں، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ بھی موجود تھے۔