لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان و دیگر حکام نے شرکت کی، دوران اجلاس مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور آئی ٹی حب کیلئے فوری اقدامات کا بھی حکم دے دیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز کو انعام دینے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر طلبہ کے ایک ایک ٹیچر کو بھی انعام دیا جائے گا، مریم نواز نے طلبہ کیلئے سٹوڈنٹس سکالرشپ کی بھی منظوری دے دی، 25 ہزار طلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی، طلبہ کے تعلیمی اخراجات کیلئے سالانہ سوا 100 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی۔
مریم نواز کی ہدایت پر طالبات کیلئے ٹرانسپورٹ پروگرام کا بھی آغاز کر دیا گیا، پنجاب کے 60 گرلز کالجز کو پہلے مرحلے میں بسیں دی جائیں گی، پنجاب کے تمام اضلاع میں آئی ٹی حب کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی۔